پنجاب بھر میں گرانفروشوں کیخلاف آپریشن،1075گرفتار

لاہور (بیوروچیف)سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پرفوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن پنجاب نے صوبہ میں عوام کو اشیاء خور ونوش کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے بڑا آپریشن شروع کیا ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ 3 روز کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے پنجاب بھر میں 2 لاکھ 8 ہزار سے زائد مقامات پر چھاپہ مار کاروائیاں کی ہیں اورصوبہ بھر میں اوور چارجنگ کرنے والے 1 ہزار 500 سے زائد منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گراں فروشی کرنے پر 65 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور1075 نا جائز منافع خوروں کوگرفتارکیاہے جبکہ ریٹ لسٹ اویزان نہ کرنے والے675 دکانداروں کے گرد بھی شکنجہ مزید سخت کیا گیا ہے اورناجائز منافع خوری کرنے پر 55 لاکھ 64 ہزار سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ڈاکٹر کرن خورشید نے مزید بتایا کہ برائلر گوشت کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے 10 ہزار 979 دکانوں کی چیکنگ کی اوربرائلر گوشت کی ریٹ لسٹ اویزاں نہ کرنیوالے 48 اور اوور چارجنگ کے مرتکب 962 برائلر فروش پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ریڈار پر آگئے ہیں جبکہ برائلر گوشت کی گراں فروشی میں ملوث افراد کے خلاف10 مقدمات درج کیے گئے اور80 سے زائد چکن فروشوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور انہیں 4 لاکھ 69 ہزار سے زائد جرمانہ کیا گیا۔سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے مزید بتایا کہ مارکیٹوں میں دال مسور کی ریٹ لسٹ اویزاں نہ کرنے پر17 اور ناجائز منافع خوری میں ملوث 328 گراں فروشوں کے خلاف بھی اپریشن کیا گیا اوردال مسور کی گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف 5 مقدمات درج کرکے 189 کو گرفتار کیا گیا اور انہیں 80 ہزار سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے حکم پر فوڈ سیفٹی،ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پوری طرح متحرک ہیں بہت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت پنجاب تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور پنجاب میں رائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد میں اضافے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ پنجاب میں اشیا ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کاروائیاں رمضان کے بعد بھی اسی تواتر سے جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں