پنجاب حکومت تمام اضلاع میں بیٹیوںکے سماجی تحفظ کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے،صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ”پنجاب دھی رانی پروگرام” کے تحت اجتماعی شادیوں کی تقریب مقامی مارکی شیخوپورہ روڈ میں منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ اجتماعی شادیوں کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔کمشنر راجہ جہانگیر انور، سیکرٹری سوشل ویلفیئر طارق قریشی، اراکین اسمبلی آزاد علی تبسم،جعفرعلی ہوچہ،فقیر حسین ڈوگر سمیت دیگررہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر نجمہ افضل،فقیر حسین ڈوگر،خواجہ محمد اسلام،رانا وارث حسین،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق اور دیگر افسران شریک تھے۔اجتماعی شادیوں کی تقریب میں پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت111مستحق جوڑوں کی شادیاں کرائی گئیں۔ پروگرام میں 8مسیحی برادری اورجیل میں قید قیدیوں کی بیٹیوں کو بھی دھی رانی پروگرام کا حصہ بنایا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ہر شادی شدہ جوڑے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے2لاکھ روپے سلامی بھی دی گئی۔صوبائی وزیر سماجی بہبود نے کہا کہ 15فروری تک 5ہزار بچیوں کی شادی کا ٹارگٹ مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا پنجاب دھی رانی پروگرام مستحق بچیوں کی باعزت رخصتی اور سماجی تحفظ کی عملی مثال ہے۔بیٹیوں کی خود مختاری اور فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اورپروگرام کا مقصد وسائل کی کمی کے شکار والدین کا بوجھ بانٹنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام اضلاع میں بیٹیوں کے سماجی تحفظ کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے،سابقہ حکومتوں نے صرف دعوے کئے، مریم نواز نے عملی خدمت کی مثال قائم کی۔اجتماعی شادیوں کے تمام اخراجات پنجاب حکومت خود برداشت کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیٹیوں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا ہے۔ پنجاب حکومت تمام اضلاع میں مستحق خاندانوں کی کفالت جاری رکھے گی۔تقریب کے دوران امن کمیٹی کے رکن علامہ ریاض کھرل نے دعا کرائی۔مسیحی رہنما فادر ایمرک جوزف بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں