پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے دن رات کوشاںہے،ایم پی اے سردار خان بہادو ڈوگر

جڑانوالہ(نامہ نگار) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی و ممبر صوبائی اسمبلی سردار خان بہادر ڈوگر نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے پنجاب حکو مت دن رات کوشاں ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملک میں جاری حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے پاس گائوں گائوں قریہ قریہ پہنچ کر ان کی داد رسی کرکے اپنی عوام دوستی کا حق ادا کر دیا۔ علاقہ کی عوام کی خدمت کو مشن سمجھ رکھا ہے جس کو عبادت سمجھ کر کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک نمبر 563گ ب سلہریا نوالہ میں معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری اختر حسین سلہریا ٹھیکیدار کے ڈیرہ پر عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ساتھ کوآرڈینیٹر حلقہ پی پی 100 سردار اصغر ڈوگر،سردار اسامہ ڈوگر ایڈووکیٹ،الحاج میاں محمد رفیق طاہر،صوفی علی اکبر،عابد حسین ملک، ثنا اللہ خان نیازی،چوہدری عمران صفدر ایڈووکیٹ، رانا مزمل، رانا ارشاد سابق کونسلر، رانا فیضان سلہریا،حاجی محمد اکبر سابق چئیرمین،خالد محمود نمبردار اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے سردار خان بہادر ڈوگر نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر اٹھانے اور بین الاقوامی رابطہ مہم کو مضبوط بنانے کیلئے میاں شہباز شریف دن رات کوشاں ہیں۔میاں نواز شریف کے ویژن کے مطابق پاکستان کی ترقی کیلئے میاں شہباز شریف اور پنجاب میں محترمہ مریم نوازنے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے سیلاب زدگان کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرکے دنیا میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ کے تمام عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہوں۔ اور انشا اللہ حلقہ کی عوام کی تمام محرومیاں ختم کرکے دم لوں گا۔اس موقع پر ایم پی اے نے چوہدری اختر حسین ٹھیکیدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت پر ٹھیکیدار برادران و خوش آمدید کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں