پنجاب حکومت کا تعلیم دوست اقدام،صوبہ میں نئے کالجز کے قیام کا منصوبہ

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب کے تعلیم دوست ویژن کو عملی شکل دینے کے لیے صوبہ بھر میں نئے سرکاری کالجز کے قیام کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کا مقصد بالخصوص پسماندہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کو فروغ دینا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوفی آباد فیروزپور روڈ لاہور میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن کے قیام کی اسکیم کی منظوری دے دی ہے، جسے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق نئے کالجز کے قیام کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب روپے مختص کیے جائیں گے اور مرحلہ وار صوبے بھر میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالجز قائم کیے جائیں گے، جن میں خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے ویمن کالجز کو ترجیح دی جائے گی۔یہ تجویز محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے پیش کی گئی تھی، جبکہ صوفی آباد میں ویمن کالج کے لیے زمین کی منتقلی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں اراضی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نام منتقل کرنے کی درخواست دے دی گئی ہے۔کابینہ کی منظوری کے بعد منصوبے پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو زمین کی فراہمی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ منصوبے پر عملدرآمد کا ذمہ دار ہوگا اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ تعمیراتی کام سرانجام دے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں