32

پنجاب حکومت کا ٹیکس فری بجٹ بھی عوام دوست ہے

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اورضلعی مانیٹرنگ کمیٹی کے رکن چوہدری فقیرحسین ڈوگر نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کا کسانوں کو ٹیوب ویل کیلئے سولر پینل اور دیگر آلات فراہم کرنے سے زراعت مستحکم ہو گی جبکہ ابتدائی طور پر 1لاکھ لوگوں کوگھرفراہم کرنے کافیصلہ عوام دوستی کاثبوت ہے۔پنجاب حکومت کاٹیکس فری بجٹ بھی عوام دوست ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ توقع ہے کہ وفاقی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے معاہدوں میں غریب لوگوں پربوجھ نہیں ڈالے گی بلکہ سبسڈی کی شرط بھی شامل نہیں ہوگی۔ میاں نوازشریف کوغریب عوام کااحساس ہے وزیراعظم میاں شہبازشریف اورمریم نوازشریف ہرسطح پرعوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اورمشکلات کم کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں گے۔ اُن کاکہناتھاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی قیادت میں ترقیاتی بجٹ کے لئے 655 ارب روپے، سماجی تحفظ سے متعلق اقدامات کے لئے 20 ارب روپے،صحت کے لیے 473.6 ارب روپے ، تعلیم کے لیے 596 ارب ،لوکل گورنمنٹ کے لیے 127.7 ارب روپے، رمضان پیکیج کے لیے 30 ارب روپے، مفت کتابوں کی فراہمی کے لیے 11 ارب روپے اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے لیے 12.5 ارب ،پی کے ایل آئی انڈوومنٹ فنڈ کے لیے 10 ارب روپے، حفظان صحت کے توسیع پروگرام کے لیے 11.4 ارب روپے اور بجٹ میں زراعت پر 25.6 ارب روپے سبسڈی کے لیے مختص کیے گئے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف ہرصورت معاشی استحکام سے عوام کوخوشحالی کے راستے پرگامزن کرناچاہتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں