پنجاب حکومت کا ہونہار طلباء کیلئے لیپ ٹاپ اسکیم بڑا اقدام ہے،ڈی سی ندیم ناصر

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سٹیم مقابلوں کے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم،سٹیم پروگرام کے تحت سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ،آرٹس اور ریاضی مضامین کے مقابلے کرائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے پوزیشن حاصل کرنے والے 22طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔ڈپٹی کمشنر کا اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ پنجاب حکومت کا ہونہار طلبا کے لئے لیپ ٹاپ سکیم بڑا اقدام ہے،اعلیٰ کارکردگی کے حامل طلبا کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم پنجاب حکومت کا تعلیمی میدان میں انقلابی اقدام ہے لیپ ٹاپ کی تقسیم سے طلبا کو آن لائن تعلیمی وسائل تک رسائی، ریسرچ کرنے اور اپنی ڈیجیٹل مہارتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ڈپٹی کمشنر کا اس موقع پر مزید کہنا تھاکہ طلبا محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں۔ٹیچرز کی ٹریننگ کر کے مزید بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ تقریب میں سی ای او ایجوکیشن وقار احمد،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(سیکنڈری ایجوکیشن) سردار محمد ساجد،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری ایجوکیشن) محمد ذاکر،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری ایجوکیشن) فار وویمن نازیہ مشرف اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔طلبا نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں