65

پنجاب حکومت کا 400 ارب روپے کا کسان پیکج (اداریہ)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسان کیلئے 400 ارب روپے کا پیکج لا رہے ہیں جس سے کسانوں کی حالت سنورے گی اور وہ خوشحال ہو گا انہوں نے کہا ایک فصل کی کاشت کیلئے کسان کو ڈیڑھ لاکھ روپے دیں گے جس سے وہ کھاد’ بیج اور زرعی ادویات خرید سکے گا، کسان کو آڑھتی اور مڈل مین کے ہاتھوں ذلیل وخوار نہیں ہونے دیں گے، کسان کو مہنگے سود پر قرضہ نہیں لینا پڑے گا، جو پیکج ہم لا رہے ہیں پنجاب کی تاریخ میں اتنا بڑا کسان پیکج نہیں آیا پھول نگر میں رورل ہیلتھ سنٹر ری ویمپنگ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا ہماری حکومت کسان کو تنہا نہیں ہونے دے گی نہ ہی اسے بدحال ہونے دے گی کسان کی حالت بہتر بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے” زراعت کی ترقی اور کسان کی خوشحالی کیلئے صوبہ کی تاریخ میں 400 ارب روپے کا پیکج پنجاب حکومت کا بڑا اقدام ہو گا، اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ جب تک ملک کا کسان خوشحال نہیں ہو گا، اس کی ضروریات پوری اور مسائل حل نہیں ہوتے’ ملک میں غذائی قلت پر قابو پایا جا سکتا ہے اور نہ ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے،، پنجاب دوسرے صوبوں کی نسبت سب سے زیادہ زرخیز زمین رکھتا ہے اور یہاں پیدا ہونے والی گندم’ چاول’ گنا’ کپاس’ دالیں اور دیگر فصلوں کی پیداوار میں نمایاں مقام رکھتا ہے تاہم سابقہ حکومتوں کی ناقص زرعی پالیسیوں کے باعث پنجاب میں کسانوں کو وہ تمام مراعات حاصل نہیں ہو سکیں جن کی بدولت وہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کر سکتے، مہنگی کھاد’ ناقص زرعی بیج’ زرعی ادویات کی قلت’ زرعی آلات مہنگے ہونے سے فصلوں کی لاگت پوری نہ ہونے کی وجہ سے کسان کی خوشحالی کا خواب ادھورا رہا کس قدر افسوسناک بات ہے کہ پنجاب میں گذشتہ تین چار برسوں سے گندم کی فصل میں کمی کی وجہ سے آٹے کی قلت رہی مہنگے داموں آٹے کی فروخت سے عام آدمی کا بجٹ متاثر ہوا کسان رُل گیا اس کی فصل کی لاگت بھی پوری نہ ہوئی جبکہ آڑھتیوں اور مڈل مینوں نے کسان کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر اپنی تجوریاں بھریں’ 2018ء کے الیکشن کے بعد پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی کسانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات کئے اور اب کسانوں کیلئے 400 ارب روپے کا کسان پیکج لانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جس کا بڑا مقصد کسانوں کو مشکلات سے نکال کر خوشحالی کی جانب لانا ہے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسان کو ایک فصل کی کاشت کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے کسان کو بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ زرعی آلات’ بیج’ کھاد’ زرعی ادویات خرید سکے اور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کر کے ملکی خدمت کے ساتھ ساتھ اپنی خوشحالی کو بھی ممکن بنا سکے ملک میں اناج وافر مقدار میں پیدا ہو گا تو اس کے بڑے فائدے حاصل ہوں گے ایک تو ملک میں اجناس کی قلت نہیں ہو گی دوئم اضافی اجناس کو برآمد کرنے سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہو گا سوئم کسان خوشحال ہو گا اور وہ ہر فصل پر بھرپور توجہ دے کر اس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے اپنی توانائیاں صرف کرے گا بدقسمتی سے ہمارا چھوٹا کسان انتہائی کمپرسی کا شکار ہے اسکی اگائی گئی فصل کی اتنی اجرات ادا نہیں کی جاتی جتنی اس پر لاگت آتی ہے جبکہ بااثر زمینداروں کی فصل نہ صرف بروقت فروخت ہو جاتی ہے بلکہ وہ اپنے من مانے دام بھی کھرے کر لیتے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہیے بلکہ تمام کسانوں کے ساتھ یکساں سلوک سے کسانوں کو مطمئن کیا جا سکتا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کسانوں کی خوشحالی کیلئے جاری ہونیوالے کسان پیکج کے ثمرات چھوٹے کسانوں تک پہنچانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں