پنجاب حکومت کی فلم فنڈ کے حصول کیلئے نئی شرائط عائد

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے فلم فنڈ کے حصول کے خواہش مند فلمسازوں کیلئے نئی شرائط عائد کر دیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے پنجاب فلم فنڈ کے لیے درخواست دینے والوں پر رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور مکمل فلمی ٹیم کی تفصیلات جمع کروانا لازمی قرار دے دیا ہے جبکہ درخواست کے ساتھ فلم ڈائریکٹر، اکائونٹس آفیسر، آرٹ ڈائریکٹر، کیمرہ مین، سائونڈ ریکارڈسٹ اور ایڈیٹر کی مکمل معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ حکومت کی جانب سے یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ درخواست گزار کو اپنی مالی صلاحیت ثابت کرنا ہوگی جس کے لیے ایک سال کا بینک سٹیٹمنٹ جمع کروانا لازم قرار دیا گیا ہے، اس کے علاوہ فلم کے مجموعی بجٹ کا کم ازکم 50فیصد حصہ بینک بیلنس یا کریڈٹ سہولت کی صورت میں ظاہر کرنا ہو گا۔ نئی پالیسی کے تحت فلم فنڈ کے حصول کے لیے یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ درخواست گزار کی فلم ریلیز ہو چکی ہو، ان اقدامات کا مقصد فلم فنڈ کے شفاف استعمال کو یقینی بنانا اور سنجیدہ و مستند فلمسازوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں