77

پنجاب سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو ، وزیراعلیٰ نے منظوری دیدی

لاہور (سپورٹس نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سپورٹس ایڈوائزری کونسل بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سابق کھلاڑی اور طلباء ممبر ہونگے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو کا فیصلہ بھی کیا اور کھیلوں کے فروغ، ٹریننگ کے لئے ملکی وغیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں 91 حلقوں میں ملٹی پرپز سپورٹس گراؤنڈز بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں پلاننگ اور دیگر ڈویلپمنٹ امور کے لئے سپیشل پلاننگ یونٹ بنے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گھوسٹ ملازمین کی شناخت کیلئے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں بائیو میٹرک حاضری کی پابندی کو یقین بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیر کھیل اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کھیلوں سے بہت لگاؤ ہے، زمانہ طالب علمی میں بیس بال ٹیم کی کپتان تھی۔ کھیلوں کی بحالی چاہتی ہوں اور بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔نوجوانوں کے پاس مواقع کی کمی ہے اور نشہ کی طرف راغب ہورہے ہیں۔ نوجوان طبقے کے لئے کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو فوری طور بحال کیا جائے۔ہاکی کے مقابلے کروائے جائیں، ہمارا قومی کھیل ہے۔ اجلاس میں انسٹیٹیوٹ آف سپورٹس سائنسز پنجاب کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔مریم نواز شریف نے باسکٹ بال کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ 2 ارب روپے سے قائم کیے گئے فنڈ کیلئے مزید 2 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سپورٹس سہولیات کی حفاظت کیلئے مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سپورٹس کی ترقی کیلئے جتنے پیسے چاہیے ہیں ملیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں