پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹوبہ میں کارروائیاں

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)رمضان المبارک کے دوران ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مختلف سحری فوڈ پوائنٹس پر کارروائیاں کرتے ہوئے 124پوائنٹس کی چیکنگ کی، جس کے نتیجے میں 1لاکھ 80ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ دوران کارروائی 3 یونٹس کی پروڈکشن بند کر دی گئی جبکہ ایک مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مختلف کارروائیوں میں 1400 پیکٹ ممنوعہ چائنہ نمک، 116 لیٹر ایکسپائر کولڈ ڈرنکس اور 1 من سے زائد ممنوعہ اشیاکو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق داخلہ راستوں پر ناکہ بندی کے دوران 43 گاڑیوں سے 30 ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی تاکہ ناقص اور غیر معیاری دودھ کی فروخت کو روکا جا سکے۔ جعلسازی میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کے دوران مختلف سٹوریج ایریاز اور واشنگ ایریاز میں حشرات کی بھرمار، بدبودار ماحول اور فنگس لگی دیواریں پائی گئیں۔ مزید برآں، انتہائی لازم ریکارڈ کی عدم موجودگی، اشیاکی غیر معیاری پیکنگ اور حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔ تلف کیے گئے اجزامیں نان ٹریس ایبل کھلے رنگ، ممنوعہ امونیا اور رنگ کاٹ شامل ہیں، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں