پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی میں ریکارڈ درستگی کا آسان طریقہ

لاہور (بیوروچیف)پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پی ایل آر اے) نے شہریوں کو زمین کے ریکارڈ میں درستگی کیلئے آسان اور شفاف طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقررہ مراحل پر عمل کر کے عوام کئی قانونی اور انتظامی پریشانیوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔پی ایل آر اے کی جانب سے عوامی آگاہی کے لیے اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیوز جاری کی جا رہی ہیں، جن میں ریکارڈ درستگی کے مکمل مراحل کی وضاحت کی گئی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق شہری سب سے پہلے متعلقہ سروس سینٹر کے استقبالیہ پر اپنا اصل شناختی کارڈ دکھا کر اندراج کروائیں، اس کے بعد اپنی تصویر اور بائیو میٹرک تصدیق مکمل کروا کر ٹوکن حاصل کریں۔جاری کردہ ویڈیو کے مطابق ٹوکن حاصل کرنے کے بعد شہری سروس سینٹر کے متعلقہ آفیشل کے ذریعے اپنے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کروائیں گے، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ریکارڈ میں موجود غلطی ڈیٹا انٹری سے متعلق ہے یا فیلڈ اسٹاف کی جانب سے تیار کردہ فرد بدر میں ہے۔اتھارٹی کے مطابق اگر غلطی فیلڈ اسٹاف سے متعلق ہو تو سروس سینٹر آفیشل ڈیٹا انٹری عملے کے ذریعے فرد بدر کا اندراج کر کے اسے سروس سینٹر انچارج کو ارسال کرے گا۔ بعد ازاں سروس سینٹر انچارج فرد بدر کا متعلقہ ریکارڈ سے موازنہ کرنے کے بعد تصدیق کے لیے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ (اے ڈی ایل آر) کو بھجوائے گا۔پی ایل آر اے کے مطابق اے ڈی ایل آر تحقیق مکمل کرنے کے بعد فرد بدر کی تصدیق کرے گا، جس کے بعد ریکارڈ میں درستگی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ریکارڈ درستگی کے لیے صرف سرکاری سروس سینٹرز اور مستند ذرائع سے رجوع کریں اور کسی بھی غیر قانونی یا غیر متعلقہ شخص سے گریز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں