پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں،20کلو سے زائد منشیات برآمد

لاہور (بیورو چیف) پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف )نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن منشیات سے پاک پنجاب صحت مند اور محفوظ پنجاب پر عملدرآ مد کرتے ہوئے صوبے بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کیخلاف اپنی موثر اور بھرپور کارروائیاں تسلسل کیساتھ جاری رکھی ہوئی ہیں۔گزشتہ دو روز کے دوران پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کی مختلف کارروائیوں میں20کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئیں، جن میں10کلوگرام ہیروئین،5کلوگرام چرس اور4کلوگرام ویڈ شامل ہیں۔ یہ کارروائیاں مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ معلومات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئیں۔ترجمان پنجاب کانٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سی این ایف نے صوبے بھر میں مجموعی طور پر 45 کامیا ب انسدادِ منشیات کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں 73کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 50 ملین روپے بنتی ہے۔ان کارروائیوں کے دوران 35منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جن کے خلاف پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹنسز ایکٹ 2025ء کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ برآمد ہونیوالی منشیات میں37کلوگرام ویڈ، 19 کلوگرام چرس، 13 کلوگرام ہیروئین، 2 کلو گرام افیون اور 2 کلوگرام آئس شامل ہیں جبکہ مختلف نوعیت کا اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں