4

پنجاب کی جیلوں میں گنجائش سے80فیصد زائد قیدی موجود

لاہور (بیوروچیف) پنجاب کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، صوبے بھر کی جیلیں 80 فیصد اوور کراوڈڈ ہیں۔میڈیا کو موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں 37 ہزار 563 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ 43 جیلوں میں 67 ہزار سے زائد قیدی بند ہیں، جیلوں میں خواتین قیدیوں کی تعداد 1167اور کم عمر قیدیوں کی تعداد 932ہے۔ہائی سکیورٹی سیل اور بیرکس میں 6616قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے، ہائی سکیورٹی سیل اور بیرکس لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی ، ملتان اور میانوالی میں قائم کئے گئے ہیں۔گزشتہ چودہ برسوں میں پنجاب کے 9 اضلاع میں 824 ڈیتھ سیل قائم کئے گئے ہیں، لاہور کی سینٹرل جیل میں سب سے زیادہ 312 ڈیتھ سیل بنائے گئے ہیں، 2010 کے بعد پنجاب میں 11 نئی جیلیں تعمیر کی گئیں، گیارہ مزید جیلیں تعمیر کرنے کے باوجود تاحال پنجاب کی جیلیں80فیصد اوورکراوڈڈ ہیں ۔ قانونی ماہر چودھری نصیر کمبوہ کا کہنا ہے کہ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی رکھنا قیدیوں کے بنیادی حقوق کے خلاف ہے اور اس حوالے سے ا نتظامیہ کو فوری طور پر ایکشن لینا چاہیے، جس جس جیل میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں وہاں پر ان قیدیوں کو دوسری نئی جیلیں بنا کر منتقل کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں