پنجاب کے بجٹ میں فیصل آباد شہر کیلئے متعدد میگا پراجیکٹس شامل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے شہریوں کے لیے خوشخبری، پنجاب بجٹ 2025 میں شہر کے لیے متعدد میگا ترقیاتی منصوبے منظور کر لیے گئے۔ سمندری روڈ پر انڈر پاس کی تعمیر کے لیے 2ارب 50کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ نشاط آباد فلائی اوور تا گٹ والا 6کلومیٹر طویل سڑک کے لیے 1ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ خانوآنہ بائی پاس سے موٹروے انٹرچینج تک 26کلومیٹر سڑک کے لیے 2ارب اور جڑانوالہ روڈ مکوآنہ بائی پاس سے سید آلا انٹرچینج تک سڑک کی تعمیر کے لیے 2ارب 6کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ جڑانوالہ تا ننکانہ26کلومیٹر سڑک کے لیے 1 ارب 6کروڑ، جبکہ چنیوٹ فیصل آباد 24کلومیٹر سڑک کے لیے 17ارب 57کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ کھیلوں کے فروغ کے لیے 71ج ب سرلیاں نزد ٹھیکری والا میں فٹبال اسٹیڈیم 12کروڑ میں، 121ج ب گوکھوال میں اسپورٹس کمپلیکس 10کروڑ میں، سوساں روڈ پر کمرشل پلازہ اسپورٹس کمپلیکس 7کروڑ میں، اور الفتح گرائونڈ میں 7کروڑ 50لاکھ کی لاگت سے اسپورٹس کمپلیکس قائم کیے جائیں گے۔ میٹرو بس کے ہوم ورک اور انفراسٹرکچر کے لیے 28کروڑ 50لاکھ اور فیصل آباد ڈویژن (جھنگ، ٹوبہ، چنیوٹ) میں سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 1ارب 69کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں