پنجاب کے دوسرے صنعتی شہر فیصل آباد کی مین شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب کے دوسرے بڑے صنعتی شہر کی مین شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ جگہ جگہ گڑھے پڑنے سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر’ لڑائی جھگڑے بھی روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کا عملہ سڑک کی تعمیر تو درکنار پیچ ورک بھی نہ کروا سکا۔ تفصیل کے مطابق شہر کی اہم شاہراہیں ہلال احمر ہسپتال چوک سے عبدالرشید غازی چوک (سابق جی ٹی ایس چوک) کی طرف’ عبداﷲ پور انڈر پاس سے لیکر بابو پٹرولیم تک’ سوساں روڈ آئیڈیل بیکری والی سائیڈ’ ستیانہ روڈ گیٹ چوک سے پہاڑی والی گرائونڈ تک’ سمندری روڈ فیض بٹالوی روڈ حسینیہ چوک تک اور شہر کی دیگر سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ مین شاہراہوں پر جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں۔ آئے روز حادثات کی وجہ سے لڑائی جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔ ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے۔ شہری حلقوں نے کمشنر راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ چیف آفیسر ایم سی ایف اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ شاہراہوں کو فی الفور تعمیر کیا جائے اور تعمیر میں تاخیر ہے تو کم ازکم پیچ ورک ہی کرا دیا جائے تاکہ شہریوں کو سفر کرنے میں آسانی ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں