پوری پاکستانی قوم ایران کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے،محبوب الزماں بٹ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی کال پر امریکہ کی ایران پر جارحیت اور بمباری کے خلاف ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوںنے ضلعی امیر محبوب الزماںبٹ،عظیم رندھاوا،سردارظفرحسین، یاسر اقبال کھارا ،شیخ افضال ، اجمل بدرو دیگر کی قیادت میں چنیوٹ بازار چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔کارکنوں نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف بھر پورنعرہ بازی کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محبوب الزماںبٹ نے امریکہ کے ایران پر حملہ کو درندگی ، جارحیت اور دہشتگردی کی انتہا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر حملہ عالم اسلام پر حملہ ہے،اسرائیلی صیہونی عالمی غنڈہ گردی، بدمستی اور دہشت گردی کو روکنا عالمی اداروں بالخصوص عالم اسلام کی قیادت کی اجتماعی ذمہ داری بن گئی ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان کی طرف سے صدر ٹرمپ کونوبل امن ایوارڈ نامزرکرنے کی شدیدمذمت کرتے کہاہے کہ یہ عالم اسلام اور غزہ کے معصوم بچوں کے خون سے غداری کے مترادف ہے، غزہ، لبنان، عراق، شام، پاک بھارت جنگ میں اسرائیل کی طرف سے بھارت کی عملی مدد کے بعد ازسرنو ایران پر حملہ گریٹر اسرائیل کا شیطانی منصوبہ اور گرینڈ ڈرٹی گیم ہے۔اسرائیل اپنے سرپرستوں کے ساتھ مرحلہ وار عالمِ اسلام پر حملہ آور ہے۔عالم اسلام کو متحد ہوکر اسرائیلی درندگی، جارحیت کا جواب دینا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیل کے ایران پر حملہ کے بعد انڈیا بھی پاکستان پر دوبارہ حملہ آور ہوسکتا ہے،پاکستان کے عوام کو معرکہ حق بنیان مرصوص کی طرح دشمن کے مقابلہ میں اپنی وحدت اور یکجہتی کو اور بھی زیادہ مضبوطی کے ساتھ قائم رکھنا ہے۔غزہ کے مظلوموں کی مدد پر زبانی جمع خرچ کیا گیا اور عالم اسلام کی بے عملی نے اسرائیل کو وحشی اور خونخوار بنادیا ہے،اگر اب بھی عالم اسلام مصلحتوں، بزدلی اور آنکھیں بند کئے رکھنے کے جرم میں مبتلا رہا تو یہ پورے عالم اسلام کے لیے بڑی تباہی ہوگی۔پوری پاکستانی قوم برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت اور بہادر عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ پاکستان کے عوام ایران پر حملہ کو اپنے ملک پر حملہ تصور کررہے ہیں، پاکستان کے عوام کو یقین ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے مقابلہ میں استقامت، بہادری اور صیہونیت کو عبرتناک سبق سکھاکر سرخرو ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں