پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے،ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پانچ اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی جبرو تسلط کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے فیصل آباد میں یومِ استحصال کشمیر بھرپور قومی جذبے سے منایا گیا۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کے زیر اہتمام سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے سیمینار اور ریلی کی قیادت کی۔ تقریب میں سابق ایم این اے حاجی محمد اکرم انصاری،سابق ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری خالد پرویز، شیخ اعجاز احمد، مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ دانیال، عمر خان سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ ضلعی افسران، ملازمین، اساتذہ، طلبہ و طالبات، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔سیمینار کے دوران مقررین نے بھارتی جارحیت، انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ پانچ اگست کا دن نہ صرف کشمیری عوام کے حقوق غصب کئے جانے کی علامت ہے بلکہ یہ دن پاکستان کے عوام کے عزمِ یکجہتی کا دن بھی ہے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اپنے خطاب میں کہاکہ پانچ اگست2019ء کے بھارتی اقدامات کے بعد کشمیری عوام کی مشکلات میں اضافہ ضرور ہوا لیکن ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آزادی کی اس جدوجہد میں ان کا مکمل ساتھ دے گی۔سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہو رہی ہے اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ آزادی کا سورج جلد کشمیر کی سرزمین پر طلوع ہوگا۔سکولوں کے بچوں نے رنگا رنگ ٹیبلوز پیش کئے جن میں بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سائرن بجا کر قومی ترانے کی دھن پر یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں میونسپل کارپوریشن سے ایک پرامن واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کے شرکاء نے قومی اور کشمیری پرچم تھامے کشمیر کی آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ شہر بھر میں یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے بینرز، پینافلیکسز اور پرچم آویزاں کئے گئے۔یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر فیصل آباد نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ اہلِ پاکستان، اہلِ کشمیر کے ساتھ ہیں اور آزادی تک ان کا ساتھ نبھائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں