پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود انکی فیملیز کا مستقبل محفوظ بنانا ترجیح ہے،آر پی او سہیل اختر سکھیرا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس فیصل آباد اورایجوکیشنل انسٹیٹیوشن کے درمیان پولیس افسران و اہلکاروں کے بچوں کے لیے تعلیمی فیس میں خصوصی رعایت فراہم کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت(MOU) طے پا گیا ۔ آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اورایجوکیشنل انسٹیٹیوشن کے ایگزیکٹوڈائریکٹر مجتبی صابرنے معاہدے پر دستخط کیے۔آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ معاہدے کا مقصد پولیس فورس کے بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرنا ہے جس کے تحت پولیس شہدا کے بچوں کو رجسٹریش اور ٹیوشن فیس میں 100فیصد رعایت دی جائے گی۔غازی پولیس افسران کے بچوں کو رجسٹریشن اور ٹیوشن فیس میں 75فیصد رعایت،جبکہ حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کو رجسٹریش اور ٹیوشن فیس میں 60فیصد رعایت دی جائے گی۔ ایم او یو کی بدولت پولیس ملازمین کے بچے فیوچر سکول سسٹم،دی یونائیٹڈ سکول سسٹم،نوبل سکولز،لیڈ گروپ آف کالجز اوریونائیٹڈ کالجز میں اپنا تعلیمی سفر بغیر کسی پریشانی کے مکمل کرسکیں گے۔آر پی او فیصل نے کہا کہ پولیس فورس کے افسران اور اہلکار دن رات عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دیتے ہیں، ان کے بچوں کو معیاری اور سستی تعلیم کی سہولت فراہم کرنا محکمہ پولیس کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کے خاندانوں کا مستقبل محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ریجن فیصل آباد پولیس اپنے شہدا، غازی اورحاضر سروس ملازمین کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لئے پر عزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں