پولیس جرائم پیشہ عناصر کو انکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے،آر پی او ذیشان اصفر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت جن علاقوں مین کیمرے نصب کئے گئے ہیں وہاں جرائم میں 33فیصد جبکہ جہاں فی الحال کیمرے نہیں لگے وہاں جرائم میں 25فیصد تک کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ یہ بات ریجنل پولیس آفیسر ذیشان اصغر نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے اور یہ جدوجہد جرائم کے مکمل خاتمہ تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے وہ بزنس کمیونٹی سے مکمل تعاون کریں گے اور اس سلسلہ میں ایس ایس پی آپریشن اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن چیمبر کے نامزد افراد کے ساتھ مل کر سیف سٹی اور سیکورٹی کے معاملات کو حل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں چینی باشندوں کی سیکورٹی کے حوالے سے فیڈمک سے مسلسل میٹنگز ہوتی رہتی ہیں جبکہ اس نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے آٹو میشن سسٹم رائج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام میں بہتر رابطوں کے ذریعے فیصل آباد کو کرائم فری بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے اپنے خیر مقدمی کلمات کے بعد سیکورٹی کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے خدشات کا ذکر کیا اور بتایا کہ گھنٹہ گھر اور اردگرد کے بازاروں میں موجودہ سیکورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فیڈمک کے زیر انتظام صنعتی علاقوں میں بھی سیکورٹی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ غیر ملکی سرمایہ کار یہاں سے بلا خوف و خطر سرمایہ کاری کر سکیں۔ انہوں نے اہم تجارتی منڈیوں اور مارکیٹوں میں سیف سٹی کے انتظامات کو بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ کینال روڈ پر بھی سیکورٹی کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور شادی ہالز کو بھی ترغیب دی جائے تاکہ وہ سیکورٹی کیمرے لگائیں جن کو بعد میں سیف سٹی پراجیکٹ سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اسی طرح کے انتظامات ہائوسنگ کالونیوں میں بھی کرنے کی تجویز پیش کی۔ ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز امن وامان کیلئے انتھک جدوجہد کر رہی ہیں جبکہ فیصل آباد پولیس بھی کم وسائل کے باوجود اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی قیادت میں ایس ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او مدینہ ٹائون کی زیرنگرانی جرائم پیشہ کی گینگ کی گرفتاری کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو جرائم کے خاتمہ اور منشیات کے رجحان کو بڑھنے سے روکنے کیلئے نوجوان نسل کی راہنمائی کرنی چاہیے جبکہ اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر بھی ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔ سوال و جواب کی نشست ہوئی جس میں سابق صدر مزمل سلطان، رانا سکندر اعظم، ایگزیکٹو ممبر فاروق یوسف، ایوب اسلم منج، حاجی محمد عطاء اللہ ، شفاعت پرویز اور محمد مصطفی نے حصہ لیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ سابق صدر رانا محمد سکندر اعظم نے آر پی او ذیشان اصغرکواور سابق صدر شیخ اشفاق نے سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کو فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کی شیلڈ پیش کی۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر رانا ناصر جاوید بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں