پولیس لائن مکوآنہ میں کانسٹیبل نے دوران ڈیوٹی خودکشی کرلی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پولیس لائن مکوآنہ میں کانسٹیبل نے دوران ڈیوٹی سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی’ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او فیصل آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز مکوآنہ بٹالین بی سی میں تعینات پولیس کانسٹیبل محمد فاروق ولد مبارک علی سکنہ 530 گ ب جنرل ڈیوٹی پر مامور تھا اور دوران ڈیوٹی اس نے پہلے اپنے پولیس ساتھیوں کے گروپ میں میسج کیا کہ دوستوں سے سوری کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بہت اچھا وقت گزرا، ہو سکے تو مجھے معاف کر دینا اور دعائوں میں یاد رکھنا، اس کے بعد اس نے بی سی کے گراس پلاٹ میں اپنے سر میں گولی مار لی، فائرنگ کی آواز سن کر پولیس کی بھاری نفری وافسران موقع پر پہنچے اور فاروق کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، تاہم متوفی کی خودکشی کی اصل وجہ سامنے نہ آ سکی۔ یاد رہے کہ مذکورہ کانسٹیبل 28مارچ 2023ء کو محکمہ پولیس میں بھرتی ہوا تھا اور 10جنوری 2025ء کو بی سی میں ٹریننگ کے لیے آیا ہوا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں