پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے ملز ورکرز کی بس لوٹ لی

جڑانوالہ (نامہ نگار) تھانہ صدر کی حدودِ میں پولیس وردی میں ملبوس ڈاکو ملز کی بس کے ورکرز اور شہریوں سے لاکھوں روپے نقدی اور موبائل فونز چھین کر فرار ہو گئے،پولیس خواب خرگوش کے مزے لوٹنے میں مصروف شہری ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر۔ تفصیلات کے مطابق ایم کے ملز کی بس ورکرز کو لیکر کھرڑیانوالہ سے واپس آ رہی تھی کہ تھانہ صدر کی حدودِ چک نمبر 100 گ ب کے قریب پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوئوں نے روک کر جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے بس میں سوار ورکرز سے 2لاکھ روپے نقدی،موبائل فونز،اے ٹی ایم کارڈ چھین لئے ڈکیتی کی دوسری واردات میں ڈاکوئوں نے چک نمبر 93 گ ب کے قریب شہریوں سے نقدی اور موبائل فون چھین لئے جبکہ راول چوکی کی حدود میں ڈاکوئوں کی اسلحہ کیساتھ گائوں میں گھومنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے گائوں میں خوف و ہراس پھیلایا اور فرار ہو گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس تھانہ صدر کی مبینہ چشم پوشی کے باعث ڈکیتی راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ نے عوام کو عدم تحفظ کا شکار بنا دیا ہے۔ پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوئوں نے واردات میں لاکھوں روپے مالیت کا مال و زر لوٹ کر پولیس کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔ شہریوں نے آر پی او فیصل آباد سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں