63

پولیس پارٹی پر حملہ ، SHO اور2اہلکار شہید ، DSP سمیت 5 افراد زخمی

ٹانک(نامہ نگار)خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے کڑی شاہ نور میں پولیس پر عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک اسٹیشن ہائوس آفیسر (ایس ایچ او)سمیت3پولیس اہلکار شہید اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی)سمیت5افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ڈی ایس پی چن شاہ کی سربراہی میں شاہ نور گائوں میں ایک خاتون کے اغواکاروں کی گرفتاری کیلیے پولیس موجود تھی کہ نامعلوم حملہ آوروں نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔پولیس ٹیم کو دیکھ کر حملہ آوروں نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تھانہ مرید اکبر کے ایس ایچ او عبدالعلی خان اور 2 کانسٹیبل وہاب اور محمد عالم نے جامِ شہادت نوش کرلی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈی ایس پی چن شاہ، ایلیٹ فورس کے کانسٹیبل اشفاق، وفاق اور ہدایت اور ڈسٹرکٹ ٹانک کے کانسٹیبل ریاض اور اکرام سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں ٹانک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔حملہ آوروں نے گھات لگا کر حملہ کیا تھا جس کے فورا بعد پولیس کی بھاری نفری بشمول کوئیک رسپانس فورس جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ڈیرہ اسمعیل خان کے ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے بتایا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے اور یہ عزم ظاہر کیا ہے کہ عسکریت پسندی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں