50

پولیس چوکی پر حملہ،2اہلکار شہید

شانگلہ /اسلام آباد (بیوروچیف) شانگلہ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر کے2اہلکاروں کو شہید کر دیا ۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے راکٹ لانچر سے گنانگر پولیس چوکی کو نشانہ بنایا، دہشت گردوں کے حملے میں اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید اور محرر سمیت2زخمی ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ شہید اہلکاروں میں اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان شامل ہیں، زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع شانگلہ میں پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان کی شہادت پر دکھ و افسوس کا اظہار اور شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں، خیبرپختونخوا پولیس کے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان نے شہادت کا اونچا رتبہ پایا، شہدا ہمارا سرمایہ افتخار ہیں، شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، اس جنگ میں کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں