پولیس کا رات گئے دھاوا’ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا ختم

لاہور(بیوروچیف) لاہور کے علاقے مال روڈ پر گزشتہ 23روز سے جاری گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے کے خلاف پولیس نے رات گئے بڑا ایکشن کرتے ہوئے آپریشن کلین اپ کر کے مال روڈ کو خالی کروا لیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے مظاہرین کو حراست میں لے لیا اور مال روڈ پر لگے ٹینٹ اکھاڑ دیئے، پولیس نے دھرنے کے شرکا کے زیر استعمال کافی حصے کو بھی مکمل طور پر خالی کروا لیا۔پولیس کے آپریشن کلین اپ کے بعد لاہور کے مال روڈ کو خالی کروا لیا گیا ہے اور روڈ کو دونوں جانب کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین سرکاری ہسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے فیصلے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، گزشتہ روز کلب چوک سے دھرنا ختم کرنے کے بعد مظاہرین نے چیئرنگ کراس پر احتجاج جاری رکھا تھا، مظاہرین نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے ہر حد تک جانے کا اعلان کیا تھا۔علاوہ ازیں گرینڈ ہیلتھ الائنس نے اپنے ساتھیوں کی گرفتاری کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتالوں کی ان ڈور سروسز بند کر دی ہیں اور ایمرجنسی سروسز معطل کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔دوسری جانب ترجمان پولیس نے کہا ہے کہ مظاہرین عورتوں کو ڈھال بنا کر پولیس پر قینچی، سرنجوں اور دیگر آلات سے حملے کر رہے تھے، چند عناصر احتجاج کو ذاتی مفادات کے لیے پرتشدد بنانے کی کوشش کر رہے تھے اور مظاہرین کو ان کے ہاتھوں استعمال نہ ہونے کی اپیل کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں