کاہنہ (نامہ نگار) آرگنائزڈکرائم یونٹ کاہنہ کا ایک اور مبینہ پولیس مقابلہ، ہتھکڑیوں میں جکڑا 60سے زائد سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ہلاک ملزم کی شناخت مظفر عرف ظفری کے نام سے ہوئی، پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک زیر حراست ملزم 60سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا،ہلاک ڈاکو سب انسپکٹر محمد اظہر کی کسٹڈی میں تھا،ایس آئی محمد اظہر ٹیم کے ہمراہ ہلاک ملزم کو نشتر تھانہ کی حدود میں لے کر گئے،پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزم کو ساتھیوں کی گرفتاری اور برآمدگی کے لئے لے جایا گیا تھا کہ اس دوران شمع کالونی کے علاقہ میں زیر حراست ہلاک ڈاکو کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔ڈی ایس پی او آئی سی سید حسین حیدر کے مطابق تینوں حملہ آوروں نے زیر حراست ہلاک ملزم کو چھڑوانے کے لئے حملہ کیا،زیر حراست ملزم مظفر عرف ظفری اپنے ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آگیا، ملزم ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق زیر حراست ہلاک ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے حیران کن طور پر تمام اہلکار محفوظ رہے جبکہ اپنے ہی زیر حراست ساتھی مظفر عرف ظفری کو گولیاں مارنے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے، سید حسین حیدر کے مطابق تینوں حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوئے۔پولیس نے حملہ آووروں کو گرفتار کرنے کے لئے سرچ آپریشن کیا مگر کامیابی نہیں ملی، ڈی ایس پی او آئی سی سید حسین حیدر نے بتایا کہ مبینہ مقابلہ میں ہلاک زیر حراست ملزم ڈکیتی، رابری اور نقب زنی کی وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔
6