پونے9سے پہلے سکول کھولنے پر جرمانہ کا اعلان

لاہور (بیوروچیف) پنجاب بھر میں تمام سرکاری و نجی سکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کر دی گئی جس کے مطابق اب کوئی بھی سکول صبح پونے9بجے (8:45 AM)سے پہلے نہیں کھلے گا۔ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ کی جانب سے سکول ٹائمنگز میں تبدیلی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق نئی ٹائمنگز کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا جبکہ خلاف ورزی کرنے والے سکولوں پر 5سے 10لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ڈی جی ماحولیات نے کہا کہ سکول ٹائمنگز کی خلاف ورزی یا کسی شکایت کی صورت میں شہری ای پی اے ہیلپ لائن 1373 یا گرین پنجاب ایپ کے ذریعے اطلاع دے سکتے ہیں۔ماہرین ماحولیات نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سکولوں کے تاخیر سے آغاز سے صبح کے اوقات میں ٹریفک رش اور اسموگ کے اثرات میں کمی آئے گی جس سے شہریوں کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔دوسری جانب محکمہ خصوصی تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے تمام اسپیشل ایجوکیشن اداروں میں ہفتہ کے روز تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ضلعی ایجوکیشن افسران اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو احکامات موصول ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں میں ہفتہ کے روز کلاسز جاری رہتی تھیں، تاہم اب انہیں ہفتہ وار چھٹی کا حق دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر تعلیم نے پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں بھی ہفتے کے روز تعطیل مقرر کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں