پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے

لاہور (بیورو چیف) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے غریب اور عوام کش قرار دیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈیزل اور پٹرول کی قیمت میں بالترتیب 10 روپے 39پیسے اور 8روپے 36پیسے فی لیٹر اضافہ کر کے حکمرانوں نے اشرافیہ کو نوازو، جاگیرداروں کو بچاؤ اورعوام کی کمر توڑو پالیسی کو مزید تقویت دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی تھیں تو حکومت نے عوام کو سہولت دینے سے انکار کیاتھا اور اب ذرا سی ہلچل ہوئی ہے تو فوری طور پر سارا بوجھ عوام کی جانب منتقل کردیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے اعداد وشمار اور اشتہارات مکمل طور پر جھوٹے ثابت ہورہے ہیں۔ جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ تیل کی قیمتیں کم کی جائیں اور ظالمانہ لیوی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں