46

پٹرول’ ڈیزل10روپے فی لٹرسستا ہونے کا امکان

اسلام آباد (بیوروچیف)عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی، شرح مبادلہ میں اضافے اور پریمیئم کم ہونے کے سبب15جنوری سے آئندہ15روز کے لیے پٹرول تقریبا9سے10روپے فی لٹر جبکہ ڈیزل2روپے فی لٹر تک سستا ہونے کا امکان ہے۔ملک میں اس وقت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بالترتیب فی لیٹر 267 روپے 34 پیسے اور 276 روپے 21 پیسے ہے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ پیٹرول کی خریداری پر پریمیئم بھی کم ہوا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت 84.50 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 83 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 97 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 95.85 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ا پیٹرول کم از کم 9 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 2 روپے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی تقریبا 2 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے جوکہ قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ حد ہے۔حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مالی سال 2024 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے جمع کرنے کا بجٹ ٹارگٹ مقرر کیا تھا لیکن اب توقع کی جارہی ہے کہ جون کے آخر تک یہ ٹارگٹ 950 ارب روپے سے زائد تک بڑھایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں