کراچی (بیوروچیف) اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مالی سال 25کے لیے دوسری سہ ماہی ادائیگی کے نظام کے جائز ے کے مطابق پہلی بار ایک سہ ماہی میں خوردہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کی تعداد 2 ارب سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں حجم میں 11فیصد اضافہ ہے۔رپورٹ کے مطابق اس سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) کے دوران ان ٹرانز یکشنز کی مجموعی مالیت 12 فیصد اضافے کے ساتھ 154 کھرب روپے تک پہنچ گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لین دین کی قیمت میں اضافہ بنیادی طور پر موبائل بینکنگ ایپس، انٹرنیٹ بینکنگ اور بینک برانچوں میں اوور دی کائونٹر (او ٹی سی) لین دین کی وجہ سے ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل چینلز نے ایک ارب 88کروڑ ٹرانزیکشنز (تمام ریٹیل ادائیگیوں کا 88 فیصد) پراسیس کیں، جب کہ او ٹی سی چینلز نے 26 کروڑ 30 لاکھ ٹرانزیکشنز کو پراسیس کیا، جو ریٹیل ادائیگیوں کا باقی 12فیصد حصہ ہے۔اس کے مقابلے میں 45 کھرب روپے یا قیمت کے لحاظ سے 29 فیصد خوردہ ادائیگیاں ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے کی گئیں، جب کہ109 کھرب ر و پے (71 فیصد) او ٹی سی چینلز (بینک برانچز اور برانچ لیس بینکنگ ایجنٹس) کے ذریعے کی گئیں۔
