پیرا فورس کا ایکشن،دوبارہ تجاوزات قائم کرنے پر متعدد دکانیں سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر پیرافورس نے تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران سمن آباد مدنی چوک میں آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر سامان رکھنے پر متعدد دکانوں کو سیل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بنائی جانے والی پیرافورس نے فیصل آباد میں کارروائیاں تیز کر دیں۔ پیرافورس کی ٹیم نے گزشتہ روز سمن آباد کے معروف مدنی چوک اور اس کے گردونواح میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر ڈسپلے کرنے والے دکانداروں کیخلاف بھرپور کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اس کا سامان اٹھوا دیا اور متعدد دکانوں کو سیل کر دیا۔ یاد رہے کہ قبل ازیں ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے سمن آباد مین روڈ’ انار کلی بازار’ مدنی چوک میں گرینڈ آپریشن کر کے دکانوں کے باہر پختہ وعارضی تجاوزات کو ختم کروایا تھا۔ تاہم دکانداروں نے دوبارہ تجاوزات قائم کر لی ہیں اور دکانوں کے باہر سامان رکھ کر پیدل چلنے والوں کا راستہ بھی بلاک کر رکھا تھا جس پر پیرافورس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانوں کو سیل کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں