پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ’ ریلوے نے کرایے بڑھا دیئے

اسلام آباد (بیوروچیف) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ریلوے نے بھی کرایے بڑھا دیے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے کرایوں میں 2فیصد اضافہ کر دیا، جس کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرین کرایوں میں اضافے کا اطلاق 4جولائی سے کیا جائے گا، ریلوے کرایوں کا اطلاق تمام مسافر، شٹل اور سیلونز گاڑیوں پر ہو گا۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 2فیصد کرایہ بڑھنے کا اطلاق ایڈوانس بکنگ پر بھی عائد ہو گا، ڈائریکٹر آئی ٹی اور ڈی ایس افسران کو نئے کرایوں پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کردی۔ریلوے حکام کے مطابق ڈیزل مہنگا ہونے سے ریلوے کو ماہانہ 10کروڑ 90 لاکھ روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔واضح رہے کہ حکومت نے یکم جولائی سے 15روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10روپے تک کا اضافہ کر دیا تھا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے اوگرا اور متعلقہ وزارتوں کی سفارشات پر آئندہ پندرہ دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ ڈیزل 10روپے 39پیسے اور فی لیٹر پیٹرول 8 روپے 36پیسے مہنگا کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 272روپے 98پیسے اور پیٹرول کی نئی قیمت 266روپے 79پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں