پیپلز کالونی نمبر1میں ٹینکی کے نل سے پانی مسلسل ٹپکنے لگا،مچھروں کی بہتات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا کے عملہ کی نااہلی اور عدم توجہ کے باعث پیپلزکالونی نمبر1 پانی والی ٹینکی کے باہر گاڑیوں میں پانی بھرنے کیلئے لگائے جانیوالے نل سے پانی مسلسل ٹپکنے لگا، جس سے نہ صرف ٹف ٹائل خراب بلکہ پانی جمع ہونے سے مچھروں کی بہتات اور ڈینگی مچھر کی پرورش گاہ بن چکا ہے’ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پانی کے ضیاع کو روکنے اور بیماریوں سے بچنے کیلئے نل کو فوری طور پر درست کروایا جائے۔ تفصیل کے مطابق پیپلزکالونی نمبر1 گورمے بیکری کے سامنے واسا کی پانی والی ٹینکی کے باہر فائر بریگیڈ اور پی ایچ اے کی گاڑیوں میں پانی بھرنے کیلئے لگایا جانے والا نل عرصہ سے خراب ہے اور مسلسل پانی گرنے سے وہاں پر پانی جمع ہو جاتا ہے۔ جسکی وجہ سے مچھروں بالخصوص صاف پانی میں ڈینگی مچھر کے پیدا ہونے کا خدشہ ہے اور ٹف ٹائل بھی خراب ہو رہی ہے۔ شہریوں کو گزرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے اور گرمیوں کے موسم میں قیمتی پانی کا مسلسل ضیاع ہو رہا ہے۔ واسا کا عملہ ٹینکی پر موجود ہونے کے باوجود نل کو درست نہ کروا سکا ہے۔ شہری حلقوں نے کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ ایم ڈی واسا عامر عزیز اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پیپلزکالونی نمبر1 ٹینکی کے باہر لگے نل کو فوری طور پر درست کروایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں