لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن2024-25 میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ان ٹورنامنٹس کے انعقاد کا مقصد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان فرق کو کم کرنا، ایک سخت زیادہ مسابقتی اور ہائی پریشر کرکٹ کھیلنے کا ماحول فراہم کرنا اور اپنے مستقبل کے اسٹارز کے لیے بہتر آمدنی کے مواقع پیدا کرنا ہے۔مینز ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2024-25میں یہ تین نئے ٹورنامنٹس چیمپئنز ون ڈے کپ، چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ اور چیمپئنز فرسٹ کلاس کپ پہلے سے موجود ٹورنامنٹس کے ساتھ شامل ہونگے جن میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ، قائداعظم ٹرافی(ریجنل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ)، پریذیڈنٹ ٹرافی (ڈپارٹمنٹل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ) ، پریذیڈنٹ کپ ( ڈیپارٹمنٹل 50 اوورز ایونٹ)، اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ شامل ہیں۔ یہ سیزن یکم ستمبر 2024 سے 5 اگست 2025 تک جاری رہے گا۔تین چیمپئنز ٹورنامنٹس کے اضافے کے بعد پی سی بی اب مردوں کے آٹھ سینئر ٹورنامنٹس میں کل 261 میچز کا انعقاد کریگا۔ ان تین ایونٹس میں 131 فرسٹ کلاس میچز، دو ایونٹس میں 40 پچاس اوورز کے میچز اور تین ایونٹس میں 97 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔ 2023-24سیزن میں، پی سی بی نے مردوں کے چھ سینئر ٹورنامنٹس میں 203 میچز کا انعقاد کیا تھا۔
