35

پی پی 115 میں رانا احمد شہر یار پی ٹی آئی سے شکست کا بدلہ لینے کیلئے پر عزم

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں کے داماد رانا احمد شہریار خاں حلقہ پی پی 115کے 2لاکھ32ہزار 340ووٹرز کی طاقت سے PTIسے سابقہ الیکشن میں شکست کا بدلہ لینے کے لئے میدان میں آ گئے۔2018ء کے الیکشن میں اس حلقہ کا نمبر113تھا۔جہاں سے تحریک انصاف کے امیدوار میاں وارث عزیز نے الیکشن لڑتے ہوئے 61041ووٹ حاصل کر کے ن لیگ کے رانا ثناء اللہ خاں کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ 30اپریل 2023ء کو ہونے والے الیکشن میں اب یہ حلقہ 115ہو چکا ہے جس میں رانا ثناء اللہ خاں کے سابقہ آبائی حلقے کے بہت سارے علاقے شامل ہیں۔ اس بار رانا ثناء اللہ خاں کی جگہ پر ان کے داماد رانا احمد شہریار خاں میدان میں اترے ہیں۔ جنہوں نے اپنی بیوی اقراء ثناء کے کاغذ بطور متبادل امیدوار جمع کروائے ہیں۔ ن لیگ کی طرف سے رانا احمد شہریار خاں ہی اس حلقہ میں اکلوتے امیدوار ہیں جن کا مقابلہ کرنے کے لئے فی الحال 26 امیدوار میدان میں موجود ہیں۔ 4اپریل کو حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد امیدواروں کی تعداد کم ہو جائے گی۔ فی الحال اس حلقہ میں تحریک انصاف کی جانب سے سابق ٹکٹ ہولڈر عدنان انور رحمانی ‘ سابق ایم پی اے میاں وارث عزیز اور سابق لیگی ایم پی اے میاں طاہر جمیل کے کاغذ بھی جمع ہیں۔ اس حلقہ میں پی ٹی آئی کے سابق وزیر مملکت میاں فرخ حبیب بھی میدان میں موجود ہیں اب دیکھتے ہیں کہ اب عمران خان رانا ثناء اللہ کے داماد رانا احمد شہریار کے مقابلے میں اپنے کس امیدوار کو میدان میں اتارتے ہیں۔ حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر زاہد اقبال ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر شہزاد علی ‘ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر فیصل آباد کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کروانے والوں میں محمد جاوید’ محمد ظفر اقبال’ میمونہ حسین’ عمران الیاس’ شہزاد کریم’ محمد بلال یوسف’ اعجاز حسین’ ثناء اللہ شمسی’ ذیشان علی’ محمد ریاض الحق’ سرمد فضل حسین’ چوہدری محمد ایوب’ انتظار احمد’ خالد شفیق’ عتیق الرحمان’ محمد اسماعیل’ رضوان انور’ محمد ثاقب مجید’ محمد یونس جٹ’ محمد اشرف’ محمد یاسین’ حافظ محمد احسان شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں