چائلڈ اور بانڈڈلیبر کے خاتمے کیلئے اعلیٰ سطحی سٹیئرنگ کمیٹی قائم

لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں چائلڈ اور بانڈڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اعلیٰ سطحی اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی ہے، جسے ایک تاریخی اور بروقت فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے امریکی بزنس لیڈرز کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں ڈیوڈ چیئٹم (Velocity Retail)، براؤننگ تھورنٹن (Yellowhammer Salon)، کرسٹینا کارٹر (RW Beckett)، ڈانا ہینز (Citivest) اور ویلیم ہاؤ (Newcastle Vantage) شامل تھے۔ ملاقات میں صحت، تعلیم، ماحولیات، چائلڈ لیبر، زراعت، انڈسٹری اور ای میکانائزیشن سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی وفد کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن اور اصلاحاتی اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کو سراہتے ہوئے اسٹیئرنگ کمیٹی کی تشکیل کو ایک مؤثر اور قابلِ تقلید اقدام قرار دیا۔ وفد نے چائلڈ اور بانڈڈ لیبر کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی اور عملی اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا اور اینٹوں کے بھٹوں کی میکانائزیشن کو ایک مثالی ماڈل قرار دیا جس سے بچوں اور مزدوروں کو استحصال سے نجات ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں