چالاک ملزمان نے کاروبار کا جھانسہ دیکر4شہریوں سے 3کروڑ ہتھیا لئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چالاک ملزمان نے کاروبار میں منافع کا لالچ دیکر 4شہریوں سے 3کروڑ ہتھیا لئے’ منافع دیا نہ رقم واپس کی’ مطالبہ کرنے پر لیت ولعل کے بعد چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے’ نڑوالا روڈ کے وقاص نے پولیس کو دی جانیوالی درخواست میں بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم قیصر نے کاروبار میں منافع کا لالچ دیکر ایک کروڑ 30لاکھ کی رقم حاصل کی، بعدازاں حسب معاہدہ منافع دیا نہ رقم واپس کی، مطالبہ کرنے پر لیت ولعل کے بعد چیک دیئے جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکے۔ ایڈن گارڈن کے حسنین نے بتایا کہ اس سے ملزم شہباز نے آئس کارخانہ کی مشینری اور ملبہ وغیرہ 75لاکھ میں خرید کر بدلے میں چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے۔ جناح کالونی کے محمود نے گلبرگ پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ ملزم عقیل نے 50لاکھ کا مال خرید کر بدلے میں چیک دیا جو کہ جعلی نکلا۔ علاوہ ازیں سرکلر روڈ کے تاجر مزمل کا کہنا ہے کہ اس کے جاننے والے ملزم عبدالقیوم نے کاروبار کیلئے 38لاکھ کی رقم لیکر واپس نہ کی۔ تاہم پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں