129

چنگیز احمد کاکڑ اور دیگر وکلاء سے پولیس کے نا مناسب رویہ پر DBA کی ہڑتال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب بار کونسل کی ہدایت پر ممبر پنجاب بار اور رکن قومی اسمبلی چنگیر احمد خان کاکڑ اور دیگر وکلاء کی طرف سے 26اپریل کو نکالی جانے والی ریلی پر ڈی ایس پی میاں منیر کی قیادت میں پولیس گردی کے خلاف آج 30اپریل کو فیصل آباد ڈویژن میں ہڑتال کر دی، وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، تاریخ پیشی پر آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا، سائلین آئندہ تاریخ پیشی کی تواریخ لیکر گھروں کو لوٹ گئے۔ تفصیل کے مطابق وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل کامران بشیر’ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل پیر عمران اکرم بودلہ کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں عہدیداروں اور ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے رکن پنجاب بار کونسل اور ممبر قومی اسمبلی چنگیر احمد کاکڑ ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء کی طرف سے 26اپریل کو نکالی جانے والی پرامن ریلی پر ڈی ایس پی میاں منیر کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری کی جانب سے کئے جانے والے بیہمانہ تشدد اور لاٹھی چارج کی بھرپور مذمت کی گئی اور فاضل ممبر وایم این اے چنگیر احمد کاکڑ ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء کو تین گھنٹے سے زائد تھانے میں حبس بے جا میں رکھا اور ان کے ساتھ بدسلوکی اور غیر انسانی سلوک کیا گیا۔ انہوں نے اس واقعہ پر شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ پرامن رہ کر قانون اور آئین کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کی ہے اور جمہوریت کی بحالی کیلئے تحریکیں بھی چلائیں ہیں۔ پاکستان کا آئین عوام کو پرامن طور پر احتجاج کا حق دیتا ہے مگر انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مسلسل وکلاء برادری کو ٹارگٹ کر کے تشدد وپابند سلاسل اور بے بنیاد مقدمات میں ملوث کیا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے وکلاء برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وکلاء پر بہیمانہ تشدد کے ذمہ دار ڈی ایس پی میاں منیر کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کیا جائے اور دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، ورنہ وکلاء برادری راست اقدام پر مجبور ہو گی پرامن وکلاء پر تشدد اور حبس بے جا میں رکھنے کے اس واقعہ کے خلاف آج 30اپریل بروز منگل کو فیصل آباد ڈویژن کی بارز میں مکمل ہڑتال کی گئی اور وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں