چنیوٹ کیلئے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان،DHQہسپتال میں آرام گاہ کا افتتاح

چنیوٹ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شعبہ صحت کے انقلابی اقدامات کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چنیوٹ میں مریضوں کے لواحقین کے لئے معیاری آرام گاہ تیار کردی گئی۔آرام گاہ میں مرد وخواتین کے لئے الگ الگ حصہ مختص کیا گیا ہے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے آرام گاہ/شیڈ کا افتتاح اور وہاں موجود مرد وخواتین سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان اور دیگر افسران موجود تھے۔کمشنر نے بتایا کہ موسم کی سختیوں کے باعث لواحقین کو بیٹھنے میں مشکلات تھیں اور گزشتہ دورہ پر انہوں نے آرام گاہ بنانے کی تاکید کی جس پرضلعی انتظامیہ چنیوٹ نے دو ہفتوں کے مختصر وقت میں معیاری آرام گاہ تیار کی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں ولواحقین کے لئے سہولیات کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔دریں اثنا کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انورنے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چنیوٹ کا دورہ بھی کیا۔وہ مختلف وارڈز میں گئے اور طبی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔انہوں نے مریضوں سے ملاقات کی اور علاج معالجہ اور ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے مشینری کے فعال ہونے کو چیک اور اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے مسلسل اقدامات کی بدولت ہسپتال میں طبی وانتظامی امور میں بہتری آئی ہے جس کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔انہوں نے صفائی کی صورتحال اور فلٹریشن پلانٹ کے فنکشنل ہونے کو بھی چیک کیا۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو ڈی ایچ کیو کے تسلسل سے دوروں کی تاکید کی اور کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک بلاتعطل پہنچنے چاہیں۔دریں اثنائ۔چنیوٹ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کے تحت فیصل آباد ڈویژن میں اپنی نوعیت کا پہلا”ڈویلپمنٹ اینڈ اکنامک اپ لفٹ پلان ” ترتیب دینے کے لئے گورنمنٹ اسلامیہ کالج چنیوٹ میں سیمینار منعقد ہواجس میں ضلع چنیوٹ میں مالی سال2026-27 کے لئے شدید عوامی ضرورت اور سٹریٹیجک پراجیکٹس کے حوالے سے ملٹی میڈیا بریفنگ دی گئی۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے سیمینار کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان،رکن صوبائی اسمبلی تیمور امجد لالی،ضلعی افسران کے علاوہ سٹیک ہولڈرز شریک تھے۔ضلع کی تحصیلوں چنیوٹ،لالیاں اور بھوآنہ کے لئے سٹیک ہولڈرز کی طرف سے98 ڈویلپمنٹ پراجیکٹس تجویز کئے گئے۔کمشنر فیصل آباد نے بتایا کہ ضلع میں رواں مالی سال میں 200۔ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال میں ضلع کی تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس، تحصیل کمپلیکس،روزگار کے مواقع،اکنامک کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ ڈیجیٹل سکلز ادارے،ای لائبریریز،ماڈرن فوڈکورٹس،معیاری تفریح گاہ سمیت دیگر منصوبے بھی شروع ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں عدم دستیاب شعبے،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبہ جات بھی زیر غورہیں۔پبلک مقامات پر واش رومزکا قیام ناگز ہے جبکہ پارکس وقبرستان کے لئے پبلک پر مشتمل مینجمنٹ کمیٹیز بھی بنیں گی۔انہوں نے31 جنوری تک”ہیلو چنیوٹ” لانچ کرنے کا اعلان کیا اورکہا کہ اب ایک فون کال پر عوامی مسائل حل ہونگے۔کمشنر نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز عوامی بہبود وضرورت کے مزید منصوبے بھی تجویز کریں،مزید مشاورتی اجلاس بھی منعقد کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے ڈسٹرکٹ پریس کلب چنیوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں شہریوں کو جدید سہولتوں کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں