چک بال سیریز فار وومن کا میچ پاکستان کلر کی ٹیم نے جیت لیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے اور پاکستان چک بال فیڈریشن کے اشتراک سے کلیم شہید سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ چک بال سیریز فار وومن کا میچ پاکستان کلر کی ٹیم نے 36کے مقابلے میں 38 پوائنٹس سے جیت لیا۔ پاکستان وائٹ کی ٹیم رنر اپ رہی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری طارق نذیر ، سیکرٹری جنرل پاکستان چک بال فیڈریشن عمانوئیل اسد، جنرل سیکرٹری ڈویژنل چک بال ایسوسی ایشن رانا علیم، تاجر رہنما وحید خالق رامے اور کھیلوں کے شائقین اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے/چیئرمین پنجاب چک بال ایسوسی ایشن محمد آصف چوہدری نے میچ جیتے والی ٹیم کو ٹرافی اور دیگر خواتین کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور فاتح ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا لیکن ہارجیت میچ کا حصہ ہے لہٰذا چک بال کے کھیل کے فن پر مزید عبور حاصل کرنے کے لئے محنت جاری رکھی جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عنقریب فیصل آباد میں چک بال کی نیشنل چیمپئن شپ منعقد کرائی جائے گی اور ملک بھر سے آنیوالی ٹیموں کی بہترین مہمان نوازی کریں گے۔ انہوں نے چک بال میچ سیریز فار وومن کے منتظمین کے عمدہ انتظامات کو سراہا اور کہا کہ سیکرٹری جنرل عمانوئیل اسد اس کھیل کی ترویج و ترقی کے لئے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چک بال سمیت مختلف کھیلوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے اشتراک سے اس سے قبل بھی چک بال کے قومی مقامی مقابلے، کبڈی میچ اور سپورٹس گالا کا انعقاد ہو چکا ہے جسے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ایف ڈی اے کے سوشل ایکشن پروگرام کا باقاعدہ حصہ بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری کے تاجروں اور کاروباری شخصیات نے ہمیشہ کھیلوں کی بھرپور سرپرستی اور شہری ترقی میں قابل قدر حصہ لیا ہے اور تاجر رہنما وحید خالق رامے کی موجودگی اس روایت وجذبے کی عکاسی کرتی ہے۔ اس سے قبل سیکرٹری جنرل پاکستان چک بال فیڈریشن عمانوئیل اسد نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ باہمی اشتراک سے چک بال کے کھیل کی ترقی اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے فاتح ٹیم کو مبارکباد اور دیگر کھلاڑیوں کے عزم وجذبے کو داد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں