چک جھمرہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے ساڑھے پانچ ارب منظور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چک جھمرہ کو ماڈل بنانے کیلئے ترقیاتی کاموں کیلئے ساڑھے 5ارب روپے کی منظوری دے دی، چک جھمرہ میں سڑکوں کی تعمیر’ سیوریج کے مسائل’ صاف پینے کے پانی کی فراہمی’ سٹریٹ لائٹس سمیت دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے چک جھمرہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن ” صاف ستھرا پنجاب” کی عملی تعبیر کے طور پر عیدالاضحی کے موقع پر ویسٹ ورکرز کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ان کو 10ہزار روپے کے انعامی چیکس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جسکی صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری وٹکٹ ہولڈر این اے 75 آزاد علی تبسم نے کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چک جھمرہ ملک کی واحد تحصیل ہے جہاں پر ملک کی سب سے بڑی انڈسٹری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے چک جھمرہ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے چک جھمرہ کو ماڈل بنانے کیلئے موجودہ بجٹ میں ساڑھے 5ارب روپے کی خطیر رقم کی منظوری دی ہے۔ بجٹ کی منظوری کے بعد چک جھمرہ کی کوئی سڑک’ گلی کچی نہیں رہے گی، چک جھمرہ سٹی میں سیوریج سسٹم اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے نئی پائپ لائنیں بچھائی جائیں گی اور ہر گائوں میں پینے کے صاف پانی کا فلٹریشن پلانٹ بھی نصب کیا جائے گا۔ چک جھمرہ کے دیرینہ مسائل حل ہونگے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری آزاد علی تبسم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے چک جھمرہ کی عوام کیلئے بہت بڑا ترقیاتی پیکج دیا ہے جسکے بعد چک جھمرہ کے دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی اور بعدازاں ویسٹ ورکرز میں دس، دس ہزار کے انعامی چیکس تقسیم کئے گئے۔ علاوہ ازیں ضلع فیصل آباد سمیت دیگر تحصیلوں میں بھی عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے بہترین فرائض سرانجام دینے پر ایف ڈبلیو ایم سی ورکرز کو بھی دس، دس ہزار کے انعامی چیکس دینے کی تقریبات منعقد ہوئیں جس میں مسلم لیگ (ن) کے موجودہ وسابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی’ ٹکٹ ہولڈرز’ تنظیمی عہدیداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں