”چیف منسٹر کلینک آن وہیلز میڈیکل کیمپ” کا انعقاد

جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ پاک سپیشل پرسنز ویلفیئر سوسائٹی کے زیر انتظام ”چیف منسٹر کلینک آن وہیلز میڈیکل کیمپ” کا انعقاد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد جمیل پارک شوکت آباد اور گردونواح کے پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد جن میں خصوصا خواتین و بچوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ خصوصاً حاملہ خواتین مریضوں کا مفت الٹرا سائونڈ اور ادویات دی گئیں، جس سے سیکڑوں خاندان مستفید ہوئے۔ پسماندہ علاقوں میں رہنے والے 500سے زائد افراد کا مفت طبی معائنہ، ادویات اور تشخیصی خدمات فراہم کی گئیں۔ خواتین کے لیے مخصوص الٹراسائونڈ یونٹس قائم کیے گئے، جہاں 150سے زائد خواتین کی اسکریننگ کی گئی۔ سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری سہیل صدیق نے واضح کیا کہ یہ کیمپ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ”صحت سب کے لیے” کا عملی مظہر ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رائے اسد اقبال کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ”علاج کی سہولیات غریب ترین شہریوں کے دروازے تک پہنچانا” ہماری وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیح ہے ، علاقہ مکینوں نے خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب، سینیٹر چوہدری طلال،ایم پی اے خان بہادر ڈوگر،پاکستان مسلم لیگ سوشل میڈیا ٹیم جڑانوالہ اور سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا جس کی وجہ سے ان جیسے پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کا پہنچنا ممکن ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں