12

چینی جامعات نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام چینی نئے سال کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں چینی ثقافت کی مختلف پرفارمنس حاضرین کے لیے پیش کی گئیں۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاںتقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ چینی ڈین ڈاکٹر چوچھانگ منگ، کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے وائس چیئرمین/ مقامی ڈین پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے خطاب کیا۔اس موقع پر ڈین سائنسز ڈاکٹر اعجاز احمد بھٹی، ڈین ویٹرنری سائنسز ڈاکٹر فرزانہ رضوی، پرنسپل آفیسر پبلک ریلیشنز اینڈ پبلی کیشن ڈاکٹر جلال عارف، ٹریژر عمر سعید قادری، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر جعفر جسکانی، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر کاشف سلیمی، ڈائریکٹر سوائل سائنسز ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ،ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عرفان عباس، سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی، ڈائریکٹر فارم شاہد ابن ضمیر، ڈپٹی رجسٹرار ممتاز علی، ڈاکٹر فہد رسول، ڈاکٹر عرفہ بن طاہر اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ طلباء نے چینی ثقافت کی دلفریب پرفارمنس پیش کیں۔ اس میں تائیجی پرفارمنس، گانا، چاپ اسٹکس مقابلہ جات، چینی ثقافتی لباس شو اور دیگر شامل تھیں ۔ ڈاکٹر چوچھانگ منگ نے کہا کہ سال 2024 ڈریگن چینی سال ہے اور ڈریگن خوش قسمتی، خوشحالی، مواقع، حکمت اور توانائی کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چین اور پاکستان کی دوستی اور تعاون کے لیے بہترین سال ثابت ہو گا۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ نے چینی اداروں کے ساتھ تعلیمی، تحقیقی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے زراعت اور اقتصادی ترقی میں چین کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی جامعات ہر میدان میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد دنیا بھر میں بہترین تعلقات استوار کیے ہوئے ہے ۔زرعی یونیورسٹی میں بین الاقوامی شراکت داری کے تحت سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز، پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر، سیڈ سنٹر اور دیگر قائم کیے گئے ہیں ۔ ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے کہا کہ پاک چائنہ بہترین تعلقات کے تحت ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو کر ترقی کی نئی راہیں مرتب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے سے تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہترین ہنرمند افرادی قوت اور دوطرفہ تعلقات سے مشترکہ چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں