چینی سرمایہ کاروں سے250ملین ڈالر اکٹھا کرنیکا منصوبہ تیار

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چینی سرمایہ کاری بہت اہم ہے۔ پاکستان میں چینی کمپنیوں کے لئے سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے گا ‘غیرملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے ۔ آنے والے مہینوں میں اپنی کریڈٹ ریٹنگ کو سنگل بی میں بدلنے کے لیے پر عزم ہیں ۔محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا پاکستان اپنی مارکیٹ کو چین کی کیپٹل مارکیٹ سے مزید ہم آہنگ کرنا چاہتا ہے ۔ جون تک پانڈا بانڈ جاری کرنے اور چینی سرمایہ کاروں سے 200 سے ڈھائی سو ملین ڈالر اکٹھا کرنے کے خواہش مند ہیں ۔ یوآن بانڈز کے اجرا کی بینک گارنٹی کیلئے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے بات چیت چل رہی ہے ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ سی پیک کے اگلے فیز میں اسپیشل اکنامک زونز اور زراعت کا شعبہ ترجیح ہے ۔ آئی ٹی کے شعبے میں بھی وسعت لائی جائے گی۔ چین کی بڑی کمپنیاں اپنے برآمدی یونٹس پاکستان منتقل کر کے پاکستان کو بطور برآمدی مرکز استعمال کر سکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سی پیک ٹو میں برآمدی صنعتوں کی مدد سے قرض ادائیگی کو آسان بنایا جائے گا ۔ درآمدات پر استوار معیشت کے باعث پاکستان کو زرمبادلہ کی کمی اور ادائیگیوں میں عدم توازن کا سامنا ہے ۔ پاکستان چین کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ سے کاروباری شراکت کا خواہاں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں