55

چینی کمپنیوں کا پاکستان میں 5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان (اداریہ)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دورہ چین کے دوران طے شدہ معاہدوں ومفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا، چین میں طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کی خود نگرانی کروں گا چین سے انفارمیشن ٹیکنالوجی’ مواصلات’ معدنیات وکان کنی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے ان شعبوں میں پاک چین تعاون کے فروغ سے معاشی ترقی’ علاقائی روابط کی مضبوطی اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے وزیراعظم نے کہا کہ چین دنیا کی ایک مضبوط معیشت بن کر ابھرا ہے وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں بریفنگ میں انہیں بتایا گیا کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں اجلاس کو بتایا گیا کہ حال ہی میں چینی جوتا ساز کمپنیوں کے ایک وفد نے پاکستان میں اپنے کارخانے منتقل کرنے کیلئے پاکستان کا دورہ کیا ہے اس شعبے میں چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں 5سے 8ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی استعداد موجود ہے پاکستان جوتا ساز کمپنیوں کی ایسوسی ایشن چینی کمپنیوں کے ساتھ ان کے کارخانے پاکستان منتقل کرنے کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں مزید برآں زرعی شعبے کی 12معروف چینی کمپنیاں رواں برس پاکستان میں منعقد ہونے والے فوڈ اینڈ ایگری ایکسپو میں بھرپور حصہ لیں گی اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران طے پانے والے معاہدوں کے نتیجے میں 100 سے زائد چینی کمپنیاں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے رابطے میں ہیں، وزیراعظم نے گوادر کو تجارتی راہداری کا مرکز بنانے کیلئے فوری اقدامات کرنے سولر پینلز اور آلات بنانے والی چینی کمپنیوں کو کارخانے منتقل کرنے کیلئے مذاکرات کیلئے تیزی لانے کی ہدایت کی،، چینی کمپنیوں کی مختلف شعبوں میں پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا عندیہ خوش آئند ہے وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو ہر ممکن سکیورٹی اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے وزیراعظم کا چین کے دورہ کے دوران طے شدہ معاہدوں ومفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کیلئے خود نگرانی کرنے کا اعلان کیا ہے جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف چینی کمپنیوں کو کتنی اہمیت دیتے ہیں، پاک چین دوستی ایک مثال ہے چین نے پاکستان کا ہر موقع پر بھرپور ساتھ دیا ہے چین کی لازوال دوستی کی سب سے بڑی مثال اقتصادی راہداری منصوبہ ہے چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے سی پیک منصوبہ سے قبل بھی چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کر رکھی ہے اب مزید سرمایہ کاری کا اعلان کر کے چین نے پاکستانی عوام کے دل میں اپنا گھر کر لیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف ملکی معیشت کی بہتری کیلئے پوری طرح متحرک ہیں ان کے دورہ چین کے دوران معاہدے کئے گئے جن کے مطابق 100 سے زائد چینی کمپنیاں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ پاکستان میں کاروبار وسرمایہ کاری کیلئے رابطے میں ہیں اور جب یہ کمپنیاں سرمایہ کاری کریں گی تو یقینا ملک کی معیشت کو نہ صرف مضبوطی ملے گی بلکہ ملک میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے چین پاکستان کا قابل استعمال دوست اور پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے میں سنجیدہ ہے جس کا وہ بار ہا مظاہرہ کر چکا ہے ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے انجینئرز اور چینی ورکرز پر دہشت گرد حملوں کے پیش نظر وزیراعظم کے حکم پر ان کی سکیورٹی بھی سخت کی جا رہی ہے جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات اور فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی جس کے بعد امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی چین نے پاکستان کو عالمی طور پر اُبھرتی ہوئی معیشت بنانے کا عزم کر رکھا ہے اور گوادر کی بندرگاہ سے عالمی تجارت کا آغاز ہوتے ہی پاکستان میں خوشحالی کا خواب پورا ہو گا، انشاء اﷲ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں