چینی ہتھیار توقعات پر پورا اترے (اداریہ)

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ معرکہ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہ گرا سکا، چینی ہتھیار توقعات پر پورا اترے ہیں’ ہماری فوجی ترقیاتی حکمت عملی ہمیشہ مؤثر اور کارگر پلیٹ فارمز اور اندرونی پاکستانی ٹیکنالوجی کو شامل کرنا رہی ہے پاکستان بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہے، نہ اس نے کبھی اعداد وشمار چھپانے کی کوشش کی، چینی ہتھیار توقعات پر پورا اترے’ امریکی جریدے بلومبرگ کو انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم ہر قسم کی ٹیکنالوجی چاہے وہ خودساختہ ہو یا مشرقی اور مغربی ہو، اس کے حصول کیلئے تیار رہتے ہیں مگر پاکستان بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہے ہمارا دفاعی بجٹ بھارت کے مقابلے میں بہت کم ہے ہمارے پاس لامحدود وسائل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاعی اقدامات کشیدگی میں اضافے کے بجائے علاقائی استحکام اور بازدار صلاحیت پر مبنی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان نے کبھی بھی اعداد وشمار اور حقائق سے کھیلنے یا چھپانے کی کوشش نہیں کی’ بھارت معرکہ حق میں پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہیں گرا سکا ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے معرکہ حق میں پاکستانی ہتھیاروں بشمول پاکستانی افواج میں شامل چینی پلیٹ فارمز کی مؤثر کارکردگی کی توثیق کی اور کہا کہ حالیہ عرصہ میں چینی سسٹمز نے خود کو بے حد مؤثر ثابت کیا ہے انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے ایک ہفتہ قبل کے بیان کا بھی حوالہ دیا’ جنہوں نے کہا تھا کہ مئی کے تصادم میں 7طیارے مار گرائے تھے بلومبرگ کے مطابق پاکستان کے چینی ساختہ جے10۔سی لڑاکا طیاروں نے فیصلہ کن کردار ادا کیا اور معرکہ حق آپریشن کے دوران متعدد بھارتی طیارے بشمول رافیل کو نشانہ بنایا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے تصدیق کی کہ پاکستانی ہتھیاروں بشمول چینی نظاموں کی کارکردگی غیر معمولی رہی۔ جو پاک فوج نے ان جھڑپوں میں استعمال کئے، انہوں نے پاکستان کے دفاعی نظاموں کی عملی تیاری اور تکنیکی اعتماد کی تعریف کی’ جو ملکی جدت اور بین الاقوامی شراکت داری کے امتزاج سے تیار کئے گئے ہیں امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ اگست میں پاکستان نے اپنے ہتھیاروں میں چینی ساختہ زیڈ۔ ایم ای اٹیک ہیلی کاپٹر شامل کرنے کا اعلان کیا تھا رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کے پاس چینی نظاموں کے ساتھ ساتھ امریکی ساختہ ایف16 طیارے بھی موجود ہیں جو ایک متنوع اور متوازن دفاعی خریداری حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے جو اعتماد اور کارکردگی دونوں پر مبنی ہے، واضح رہے کہ اگست میں عالمی جریدے بلوم برگ نے انکشاف کیا تھا کہ بھارت کے خلاف پاکستانی میزائلوں کی کامیابی نے امریکی میزائل پروگرام کو تیز کر دیا ہے۔ پاکستان نے بھارتی طیاروں کو 100 میل دور سے مار گرایا، اس واقعے نے امریکی فوج کو اپنی فضائی برتری برقرار رکھنے کیلئے فوری اقدامات پر مجبور کیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاک فضائیہ نے چین میں تیارکردہ پی ایل15 میزائل کا کامیاب استعمال کرتے ہوئے بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا پاکستان کے اس کامیاب آپریشن نے خطے میں فضائی برتری کا توازن تبدیل کر دیا تھا،، امریکی جریدے میں ہمارے قابل فخر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنے انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ معرکہ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہ گرا سکا بھارت کو معرکہ حق میں جو شکست ہوئی اس نے بھارتی حکمرانوں کی مت مار دی ہے اور بھارت بار بار میڈیا میں یہ کہہ رہا ہے کہ ہم نے پاکستان کے طیارے گرائے مگر بھارت کے پاس اس کا کوئی ثبوت نہیں نہ ہی بین الاقوامی میدیا نے اس بارے کچھ شائع کیا بلکہ امریکی صدر نے کئی بار یہ کہا کہ پاکستان نے بھارت کے طیارے گرائے’ بھارتی قیادت اندر ہی اندر اپنی شکست پر پیچ وخم کھا رہی ہے اور سازشیں تیار کی جا رہی ہیں مگر بھارتی حکمران یہ یاد رکھیں کہ پاکستان پر اگر بھارت نے مہم جوئی کی کوشش کی تو پھر اسے وہ مار پڑے گی کہ وہ مدتوں یاد رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں