وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئی شیانگ سے کاپ کلائمنٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی اس موقع پر پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی ملاقات میں وزیرعظم نے چینی وزیراعظم کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے ملاقات میں چینی شہریوں کی پاکستان میں سکیورٹی کے لیے حکومتی اقدامات پر وشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے وزیراعظم نے حکومت کے دہشت گردوں کے عفریت کے پاکستان سے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کیلئے پرعزم ہے چینی نائب وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ مل کر سکیورٹی چیلنجز کو عبور کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے پاک چین تعاون میں وسعت کی خواہش کا اظہار کیا،، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی کاپ کلائمنٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئی شانگ سے ملاقات خوش آئند ہے اس ملاقات میں دونوں راہنمائوں کی جانب سے پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات کو بام عروج پر لیجانے کا عزم لائق تعریف ہے بلاشبہ چین پاکستان کا آہنی دوست اور پاکستان کی ہر مشکل میں ساتھ نبھانے میں اس کا کردار مثالی رہا ہے چین کے تعاون سے پاکستان نے توانائی بحران پر قابو پایا چین کے اشتراک سے پاکستان میں اقتصادی راہداری عظیم منصوبہ تیزی کے ساتھ تکمیل کی جانب گامزن ہے اور انشاء اﷲ 2030ء تک یہ منصوبہ مکمل ہو کر پاکستان کی قسمت بدلنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں چین نے پاکستان میں اس گیم چینجر منصوبہ کی بنیاد رکھی تھی اس منصوبے کی بنیاد رکھنے کے بعد پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کو سانپ سونگھ گیا تھا اور اس وقت سے لیکر آج تک بھارت اس صدمے سے باہر نہیں نکل سکا مختلف اوقات میں سازشوں کے ذریعے اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے بھارت نے ایران کی بندرگاہ کو گوادر کی بندرگاہ کے مقابلے کیلئے انتخاب کیا تھا مگر اس کی چال ناکام ہوئی بعدازاں بھارتی حکمرانوں نے بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را” کو بلوچستان اور سندھ کے علاقوں میں افراتفری کے منصوبے بنائے بلوچستان میں بھارتی آشیرباد سے چند بلوچ تنظیمیں بھی گوادر اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی اور تحزیب کاری میں ملوث ہیں چینی باشندوں اور انجینئرز پر حملے کرائے گئے مختلف علاقوں میں سی پیک سے متعلقہ ترقیاتی کاموں میں مصروف چینی شہریوں کی گاڑیوں کوحملوں کا نشانہ بنایا گیا مگر چین نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے عزم میں کمی نہیں آنے دی اقتصادی راہداری منصوبہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے حکومت پاکستان کوشاں ہے چینی شہریوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جا رہا ہے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ دور سعودی عرب نے چین کے نائب وزیراعظم سے ملاقات کر کے ان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے چین کا اپنے شہریوں کی ہلاکت کے باوجود پاکستان میں جاری سی پیک منصوبوں پر کام جاری رکھنا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم قابل تعریف ہے چین کے اشتراک سے بننے والا اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدل دے گا گوادر بندرگاہ عالمی تجارت کا مرکز بنے گی اور بھارت سمیت جو ممالک پاکستان میں بننے والے اس عظیم منصوبہ سے حسد کرتے رہے ہیں وہ سی پیک کا حصہ بننے کیلئے پاکستان کی منتیں کریں گے، کیونکہ آنے والا وقت پاکستان کو دنیا کی اُبھرتی ہوئی معاشی قوت بنائے گا اور یہاں خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔
