چین کا او آئی سی ممالک کیلئے سائنسی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (بیورو چیف) چین اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سائنسی ادارے کامسٹیک کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہو گیا۔گوادر پرو کے مطابق کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل محمد اقبال چودھری نے پاکستان میں چینی سفارت خانے کے منسٹر قونصلر شو ہانگ تیان سے ملاقات کی، جس میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور او آئی سی کے رکن ممالک کے لیے جامعات، تحقیقی اداروں اور تربیتی پروگراموں سے متعلق نئی ممکنہ مشترکہ پہلوں پر بات چیت کی گئی۔رپورٹ کے مطابق دونوں فریقوں نے چینی اداروں کے ساتھ جاری تعاون کا بھی جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں کامسٹیک۔ایچ یو سی ایم تربیتی پروگرام اور او آئی سی ممالک کے محققین کے لیے ننگبو یونیورسٹی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا اطلاقی بائیومیڈیکل مصنوعی ذہانت پر 19 روزہ سرٹیفکیٹ کورس خاص طور پر زیرِ بحث آیا۔گوادر پرو کے مطابق ملاقات میں مجوزہ کامسٹیک۔ڑی جیانگ مشترکہ لیبارٹری کے قیام، بیجنگ میں ممکنہ او آئی سی۔کامسٹیک دفتر کے قیام اور چینی اداروں خصوصاً سنکیانگ میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ تربیتی روابط کو مزید وسعت دینے پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں اپریل میں متوقع 27 رکنی چینی وفد کے دورہ پاکستان سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں