چین کو ماربل برآمدات 5.41ملین ڈالر تک پہنچ گئیں

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)چین کو پاکستان کی ماربل، اونکس اور متعلقہ پتھر کی مصنوعات کی برآمدات 2025 میں مجموعی طور پر مستحکم رہیں، یہ استحکام تعمیرات اور اندرونی سجاوٹ کے شعبوں کی جانب سے مسلسل طلب کے باعث ممکن ہوا، جہاں عام طور پر اسپرنگ فیسٹیول (چینی نئے سال) سے قبل سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔گوادر پرو کے مطابق چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی) کے اعداد و شمارسے معلوم ہوا کہ یچ ایس کوڈ 25151200 (ماربل اور ٹراورٹائن، صرف مستطیل بلاکس یا سلیب کی شکل میں کٹے ہوئے) کے تحت برآمدات 2024 میں 5.02 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2025 میں 5.41 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، اسی طرح ایچ ایس کوڈ 25151100 (ماربل اور ٹراورٹائن، خام یا ابتدائی طور پر تراشے گئے) کے تحت برآمدات میں بھی سالانہ معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایچ ایس کوڈ 25152000 (کیلشیائی یادگاری یا تعمیراتی پتھر، جن میں الاباسٹر اور اونکس شامل ہیں) کے تحت 2025 میں پاکستان چین کا تیسرا بڑا سپلائر رہا، جی اے سی سی کے مطابق اس شعبے میں ترکی 18.49 ملین ڈالر کی برآمدات کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا جبکہ بلغاریہ 16.75 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، پاکستان نے چین کو 31.74 ملین کلوگرام کیلشیائی تعمیراتی پتھر برآمد کیا جس کی مالیت 8.10 ملین ڈالر رہی۔ متعلقہ زمروں میں، ایچ ایس کوڈ 26169000 (قیمتی دھاتوں کی معدنیات اور مرتکزات، چاندی کے علاوہ) کے تحت برآمدات 2024 میں 8.62 ملین ڈالر سے کم ہو کر 2025 میں 2.39 ملین ڈالررہ گئیں جبکہ ایچ ایس کوڈ 71031000 (قیمتی اور نیم قیمتی پتھر، بغیر تراشے ہوئے) کے تحت برآمدات 2025 میں 2.57 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ گرانائٹ کی برآمدات میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، خام گرانائٹ کی برآمدات میں نمایاں کمی ہوئی، تاہم صرف کٹے ہوئے گرانائٹ کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اس شعبے میں محدود مگر ابھرتے ہوئے ویلیو ایڈڈ پتھری مصنوعات کی طرف پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے بلال انٹرپرائزز کے مالک محمد عابدنے ایگریکلچر ایگزیبیشن سینٹر میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چینی نئے سال سے قبل پاکستانی ماربل اور اونکس مصنوعات کی طلب میں عموماً اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر اسپرنگ فیسٹیول سے پہلے ہم چینی حروف سے مزین ماربل اور اونکس مصنوعات کے اسٹال اور تنصیبات لگاتے ہیں جو صارفین میں بہت مقبول ہوتی ہیں۔ محمد عابد نے کہا چینی نیا سال17 فروری کو شروع ہو رہا ہے، یہ سال گھوڑے کا سال ہے اور گھوڑے کے تھیم پر تیار کی گئی ماربل اور اونکس مصنوعات کو خاصی پذیرائی ملی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سال میں نے پاکستانی ماربل اور اونکس سے تیار کی گئی گھوڑے کے تھیم والی تمام اشیا اور دیگر متعلقہ مصنوعات فروخت کر دیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب صارفین کو معلوم ہوتا ہے کہ یہ مصنوعات پاکستان سے آئی ہیں تو ان کی دلچسپی مزید بڑھ جاتی ہے،لوگ معیار کو سراہتے ہیں اور پاکستان کے لیے خیرسگالی بھی پائی جاتی ہے، بہت سے خریدار پاکستانی مصنوعات کی حمایت کرتے ہیں۔ مجموعی طور پر اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2025 میں چین کو پاکستان کی سٹون مصنوعات کی برآمدات کی بنیاد ماربل اور اونکس کی مستحکم طلب پر رہی، جبکہ اضاف خام پتھر کی ترسیل میں نہیںبلکہ زیادہ تر کٹے ہوئے ماربل کی برآمدات میں دیکھا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں