فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین نے ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان اور ڈائریکٹر اے ڈی ڈی آر ایس ڈاکٹر حلیمہ سعدیہ کے ہمراہ ضلع چنیوٹ میں زیر تعمیر ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا دورہ کیا اورجاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے منصو بے کی پیش رفت، منظور شدہ معیارات کی پابندی اور کام کے مجموعی معیار کا بغور معائنہ کیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع چنیوٹ ڈاکٹر عطا سبحانی اور دیگر متعلقہ حکام نے وفد کو منصوبے کے تکنیکی پہلوں، تکمیل کے شیڈول اور آپریشنل پلاننگ کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل ریسرچ نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ تمام کام اعلی معیار کے مطابق مکمل کئے جائیں۔انہوں نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ اس جدید ڈائیگناسٹک لیبارٹری کے قیام سے بیماریوں کی بروقت تشخیص، مثر نگرانی کے نظام اور لائیو سٹاک سیکٹر میں سروس ڈیلیوری کو نمایاں طور پر بہتر بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے تعمیراتی معیار کو برقرار رکھنے، باقی ماندہ کام کو تیز کرنے اور لیبارٹری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ تکمیل کے بعد یہ سہولت مثر اور جدید تشخیصی خدمات فراہم کر سکے۔




