ڈائیو روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ،زیر حراست ڈاکو شدید زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ نشاط آباد کے علاقہ سیم نہر ڈائیوو روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران زیرحراست ملزم چھڑوانے آئے ساتھیوں کی فائرنگ سے بری طرح زخمی ہو گیا، مضروب کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا، پولیس فرر ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر صدیق چیمہ اپنے ماتحت ملازمین کے ہمراہ پکڑے جانیوالے ڈکیتی کے ملزم محمد عابد ڈوگر ولد محمد انور ڈوگر سکنہ 204 رب کو مال مسروقہ کی برآمدگی کے بعد شہباز نگر سے واپس تھانے آ رہے تھے کہ جب وہ ڈائیوو روڈ پر سیم نہر کے قریب پہنچے تو پانچ مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے ملزم عابد ڈوگر کو پولیس سے چھڑوا لیا تو پولیس نے فوری طور پر ریسکیو15 پر کال کر کے صورتحال سے آگاہ کیا تو پولیس کی بھاری نفری’ ایلیٹ وڈولفن فورس موقع پر پہنچ گئی تو پولیس پارٹی نے ملزمان کا تعاقب کر کے فائرنگ کی تو کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ فائرنگ رُکنے پر پولیس پارٹی نے دیکھا تو ملزم عابد ڈوگر زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو چکے تھے تاہم زخمی ڈاکو کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا اور پولیس نے فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ڈاکو عابد ڈوگر ریکارڈیافتہ اور دو درجن کے قریب وارداتوں میں ملوث ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں